200بے گھرافرادکوچھت فراہم کرنے کے بعدوزیراعظم عمران خان کا ایک اوربڑااعلان

پشاور(ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) کا افتتاح کردیا۔یہ شیلٹر ہوم پشاور کے پاجاگی روڈ پر قائم کیا گیا ہے، جہاں بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جائے گی، شیلٹر ہوم میں عام لوگوں کے لیے گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی علیحدہ سے راستہ بنایا گیا ہے۔شیلٹر ہوم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے شیلٹر ہوم کا دورہ کیا،۔

جہاں انہیں منصوبے کی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بے گھر افراد کو اس شیلٹر ہوم میں کھانا اور طبی سہولت فراہم کی جائیں گی جبکہ خصوصی افراد کو وہیل چیئرز بھی مہیا کی جائیں گی۔اس کے علاوہ شیلٹر ہوم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی جبکہ اس شیلٹر ہوم میں تقریباً 200 افراد رہ سکیں گے۔واضح رہے ۔

کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے 100 روزہ پلان کے تحت پشاور میں 4 شیلٹر ہومز قائم کیے گئے ہیں۔اس سے قبل پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی شیلٹر ہوم منصوبے کے تحت پناہ گاہیں قائم کی گئی تھیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر پشاور میں ہیں، جہاں وہ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کریں گے اور صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔اجلاس میں متعلقہ وزرا کی جانب سے اپنی متعلقہ محکموں کی 100 روزہ کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔اس کے علاوہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کے 100 روزہ منصوبے سے متعلق نشترہال پشاور میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔