حب میں مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم ، خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جھلس کر جاں بحق، 6زخمی

حب میں بیلا کراس کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افرادجھلس کر جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے ۔

جیونیوز کے مطابق حب میں بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، حادثے کے بعد مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، اس وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے کود کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس جاں بحق اورشدید زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر 26 مسافر جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،شبیر مینگل نے کہا کہ بس سے نکلنے کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 شدید زخمیوں کو کراچی روانہ کر دیا گیاہے ۔