ناخن کی تصاویر دیکھ کر خون کی کمی بتانے والی منفرد ایپ

ناخنوں کی تصاویر دیکھ کر ان کی تجزیہ کرکے انیمیا کی نشاندہی کرنے والی ایک دلچسپ اسمارٹ فون ایپ تیار کرلی گئی ہے۔

جب ہم انیمیا یا خون کی کمی کی عمومی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مریض میں ہیموگلوبِن کم ہے یا پھر خون کے سرخ خلیات معمول سے کم پائے گئے ہیں۔ اس وقت دنیا کی دو ارب آبادی اس کیفیت کی شکار ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو شدید نقاہت ، دل کے امراض اور خصوصاً زچگی میں کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔اٹلانٹا میں واقع ایموری یونیورسٹی کے ولبر لیم نے اسمارٹ فون کے ذریعے خون کی کمی پر غور کیا اور ایک ایپ بنائی ہے جو ناخنوں کی تصاویر دیکھ کر انیمیا کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ماہرین انسانی جسم پر خاص روشنی ڈال کر ذیابیطس کی شناخت کا نظام کامیابی سے تیار کرچکے ہیں۔