افغان حکومتی نمائندوں سے طالبان کی جانب سے ملاقات سے انکار کرنے پر افغان حکومت کو شدید شرمندگی کا سامنا،نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا

کابل (این این آئی) ابو ظبی میں افغان حکومتی نمائندوں سے طالبان کی جانب سے ملاقات سے انکار کرنے پر افغان حکومت نے طالبان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ طالبان نے ایسا رویہ اختیار کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن نہیں چاہتے اور جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔افغانستان کے صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت نے اپنے شہریوں کے مطالبے اور قومی اتفاق رائے پر مثبت جواب دیاتاہم بد قسمتی سے مخالف سمت سے براہ راست مذاکرات ممکن نہیں ہوسکے۔سعودی، اماراتی اور امریکی نمائندوں نے بھی طالبان کے ملاقات نہ کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور افغانستان کی فورسز شہریوں کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔