آرمی چیف نے 15 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

راولپنڈی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 15 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جبکہ 20 دہشتگردوں کودی گئی مختلف سزاؤں کی
بھی توثیق کی۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 15 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ،یہ 15دہشتگرد دہشتگردی کی خطرناک کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ 20دہشتگردوں کو دی گئی مختلف سزاﺅں کی بھی توثیق کی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ان دہشتگردوں پر خصوصی فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلایا گیا تھا،ان دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کیا،یہ دہشتگرد مسلح افواج ،مسیحی کالونی اور تعلیمی اداروں پر حملے میں ملوث تھے ،دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولابارود بھی ملا تھا ، دہشتگردوں کے حملوں میں 34 افرادشہیدہوئے تھے، شہدامیں 21 مسلح افواج،9 ایف سی اور 2 پولیس اہلکارشامل تھے۔ دہشتگردوں کے حملوں میں 2 شہری بھی شہیدہوئے تھے پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانےوالوں میں مجرم حمید الرحمان بھی شامل ہے، حمیدالرحمان کے حملے میں میجرجنرل ثنااللہ خان نیازی شہیدہوئے،دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل توصیف اورنائب صوبیدارمحمداسلم سمیت 18 افرادبھی شہیدہوئے تھے،سزائے موت پانے والے دیگردہشتگردوں میں سیدعلی،ابرار،راشد اقبال،محمد غفار،رحمان علی ،عبد الرحمان، غلام رحیم،محمد خان،رحیم اللہ ولدنورانی گل،رضا اللہ،رحیم اللہ،عمرزادہ،امجد علی اورفداحسین شامل ہیں،ان دہشتگردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کیا،ان دہشتگردوں کاتعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔