پاک فوج نے بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا، میجر جنرل آصف غفور نے تصویر بھی شیئر کر دی

راولپنڈی(آئی این پی )پاک فوج نے مسلسل دوسرے روز لائن آف کنٹرول پر بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرایا ۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے بھارت کا ایک اور ڈرون مار گرایا ہے جو لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر کے قریب پرواز کر رہا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نشانہ بنائے گئے ڈرون کی تصویر بھی شیئر کی ۔ واضح رہے کہ منگل کو بھی پاک فوج نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سرجیکل سٹرائیک کرنے اور پاکستان کو سبق سکھانے پر ایل او سی پر ایک جاسوس ڈرون مار گرایا تھا جس کے بعد مسلسل دو روز میں گرائے جانے والے جاسوس بھارتی ڈرونز کی تعداد دو ہوگئی ہے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ سرجیکل سٹرائیک تو دور کی بات ہم تو کسی ایک کواڈ کاپٹر کو بھی ایل او سی پار کرنے کی اجازت نہیں دیتے ۔