بلجیم سے شکست کے بعد پاکستان ہاکی ورلڈ کپ سے باہر

بھونیشور(این این آئی)ہاکی ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بلجیم سے شکست کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ منگل کو بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے کراس اوور میچ میں بلجیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، پورے میچ میں بلجیم کی ٹیم گرین شرٹس پر حاوی رہی، پہلے ہاف کے 10ویں منٹس میں بلجیم کے کھلاڑی الیکسینڈر ہینڈرکس نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تین منٹس بعد بلجیم کے کپتان تھامس برائلز نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی اور گرین شرٹس پر دباؤ بڑھا دیا، 27وی منٹس میں بلجیم کے کیڈرک چارلر نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری 3-0 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 35ویں منٹس میں بلجیم کے سیبسٹین نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 4-0 گولز کر دیا، 53ویں منٹس میں بلجیم کے کھلاڑی ٹام برون نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے مقابلہ 5-0 گولز کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا، اسطرح بلجیم نے پاکستان کو 5-0 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔