خاتون کا بڑھتا پیٹ، ڈاکٹروں نے حاملہ قرار دے دیا لیکن پھر آپریشن ہوا تو اندر دراصل کیا چیز تھی؟ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک لڑکی کا پیٹ تیزی سے بڑھنا شروع ہو گیا اور ڈاکٹروں نے اسے حاملہ قرار دے دیا تاہم بعدازاں جب آپریشن کیا گیا تو اندر سے ایسی چیز نکل آئی کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ دی مرر کے مطابق برطانوی شہر سوان سی کی 28سالہ کیلی فیویل نامی اس لڑکی کا جب پیٹ بڑھنا شروع ہوا تو وہ سمجھی کہ شاید اس کا وزن بڑھ رہا ہے لیکن جب پیٹ کافی نکل آیا تو وہ ڈاکٹر کے پاس گئی جس نے اسے حاملہ قرار دے کر بھیج دیا۔

تاہم کیلی کا پیٹ تھا کہ تیزی کے ساتھ مزید بڑھتا جا رہا تھا۔ اس پر ڈاکٹر بھی پریشان ہو گیا اور اس نے اس کا الٹراساﺅنڈ ٹیسٹ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کے جسم میں اورین سسٹ (Ovarian Cyst)نامی گلٹی بن گئی تھی جس کا وزن 26کلوگرام تک جا پہنچا تھا اور اسی کی وجہ سے پیٹ انتہائی پھول گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کو اس کے جسم سے اورین سسٹ نکالنے کے لیے 5گھنٹے طویل آپریشن کرنا پڑا۔ صحت مندی کے بعد کیلی کا کہنا ہے کہ ”اس بیماری نے تو میری زندگی ہی تباہ کر دی تھی۔ روزمرہ زندگی کے کام میرے لیے ناممکن ہو گئے تھے۔ میں گاڑی بھی نہیں چلا سکتی تھی اور سیڑھیاں بھی نہیں چڑھ سکتی تھی۔ گلٹی نکلنے کے بعد ایسا لگتا ہے جیسے مجھے میری زندگی واپس مل گئی ہو۔ “