ملک کے قرضے اتارنے کا نسخہ لے کر موبائل ٹاور پر چڑھنے والے کو کس نے جعلی وزیر اعظم بن کر الو بنایا؟ پتا چل گیا

اسلام آباد شہر اقتدار کے بلیو ایریا میں محمد عباس نامی نوجوان موبائل ٹاور پر چڑھ گیا اور ضد پکڑ لی کہ وزیر اعظم سے بات ہوگی تو ہی نیچے اترے گا۔ پولیس اہلکاروں نے عباس کا کامیڈین شفاعت علی سے رابطہ کرادیا جنہوں نے وزیر اعظم کی اداکاری کرکے موصوف کو ٹاور سے نیچے اترنے پر رضامند کرلیا۔ اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے موبائل سگنل کے ٹاور پر جا چڑھا اور اس نے خود کو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کردیا۔ موبائل ٹاور پر چڑھنے والے محمد عباس کا تعلق سرگودھا سے ہے جس نے ضد پکڑ لی کہ اسے وزیر اعظم بنایا جائے تو وہ صرف 6 ماہ میں پاکستان کا سارا قرضہ اتار دے گا۔ مذکورہ شخص نے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور ڈی پی او سرگودھا کے علاوہ کسی سے بات نہیں کرے گا اور بات کرانے تک نیچے بھی نہیں اترے گا۔

پولیس اور انتظامیہ نے اسے نیچے اتارنے کی کوشش کی تو اس نے خود کشی کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد اسے موبائل فون فراہم کیا گیا اور کہا گیا کہ دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان موجود ہیں۔ بعد میں پتا چلا کہ وہ وزیر اعظم نہیں بلکہ معروف کامیڈین شفاعت علی تھے جنہوں نے وزیراعظم عمران خان بن کر اس سے بات کی اور اسے نیچے اتارنے کے لیے راضی کیا۔
عمیر سہیل نامی ایک ٹوئٹر صارف نے وزیر اعظم بننے کا سپنا دیکھنے والے نوجوان کی جان بچانے والے شفاعت علی کا شکریہ ادا کیا تو آگے سے شفاعت علی نے بتایا کہ جب وہ اس شخص سے بات کر رہے تھے تو ان کی اپنی جان پر بنی ہوئی تھی۔